او ٹاو (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈین وزیراعظم نے استعفی ٰ دے دیا۔ جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام نئی پارلیمنٹ کا انتخاب کریں،کینیڈا اور اس کے شہریوں کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔ غیر ملکی میڈیا نے گزشتہ روز 3 ذرائع کے حوالے سے اس خبر کی تصدیق کی۔یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں یہ خبر بریک ہوئی تھی کہ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی پارٹی رواں سال کے اوائل میں اقتدار سے محروم ہوتی نظر آرہی ہے اور ان پر اپنے ہی قانون سازوں کی جانب سے استعفیٰ دے کر اقتدار کسی اور کے حوالے کرنے کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکمران لبرل جماعت کو 9 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مکانات کے بحران کی وجہ سے آئندہ الیکشن میں عوامی غصے اور مایوسی کا سامنا ہے۔کینیڈین میڈیا کے مطابق ملک کے 10 صوبوں میں سے سب سے زیادہ آبادی والے اور پارٹی کا گڑھ اونٹاریو سے 50 سے زائد لبرل ارکان پارلیمنٹ نے ایک اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ جسٹن ٹروڈو کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔