اسلام آباد(اے بی این نیوز)محکمہ شماریات نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی گزشتہ ایک دہائی کی کم ترین سطح پر آگئی ،جنوری میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد پر رہی جس سے اسٹیٹ بینک پر شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ تک کم کرنے کیلیے دبائو بڑھ رہا ہے۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ جنوری 2024 کے مقابلے میں جنوری 2025 میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 2.4 فیصد رہی ہے، مہنگائی کی شرح میں یہ اضافہ نومبر 2015 کے بعد کم ترین اضافہ ہے۔ اس وقت مہنگائی میں اضافے کی شرح 2.7 فیصد رہی تھی،
اس طرح کلیدی پالیسی ریٹ اور مہنگائی کی شرح کے درمیان فرق دوبارہ بڑھ کر 9.6 فیصد ہوگیا ہے، واضح رہے کہ آخری بار اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو ایک فیصد کمی کے ساتھ 12 فیصد کر دیا ہے، حکومت اور اسٹیٹ بینک مہنگائی کے تناسب سے شرح سود کو کم کرنے سے ہچکچا رہے ہیں، اور معاشی فالٹ لائنز کی وجہ سے معاشی ترقی کی رفتار کو تیز نہیں کرنا چاہ رہے۔
واضح رہے کہ جب تک شرح سود سنگل ڈیجیٹ میں نہیں آتی، کاروباری سرگرمیوں میں تیزی نہیں آئے گی، رواں مالی سال کیلیے حکومت نے مہنگائی کا ہدف 12 فیصد رکھا ہے، جبکہ آئی ایم ایف نے 9.5 فیصد کا تخمینہ لگایا ہوا ہے، تاہم پہلی ششماہی کے دوران مہنگائی کی شرح 6.5 فیصد رہی ہے جو حکومت کے سالانہ ہدف سے نصف ہے۔
بنیادی افراط زر، جس کا حساب توانائی اور غذائی اشیاء کو چھوڑ کر کیا جاتا ہے، میں بھی کمی آئی ہے، شہروں میں یہ 7.8% اور دیہی علاقوں میں 10.4% تک کم ہو گیا ہے، اوسط بنیادی افراط زر پالیسی کی شرح سے تقریباً 3% کم ہے، جو مرکزی بینک کو شرح کم کرنے کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔