پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبے میں تھانہ کلچر کا خاتمہ کرکے عوام دوست ماحول بنایا جائے گا، حکومت تمام شعبوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور پشاور کے تھانہ شرقی میں پولیس سہولت مرکز کی افتتاح کرتے ہوئے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس سہولت مرکز کے قیام سے تمام تر ضروری پولیس سروسز کی ایک ہی چھت تلے فراہمی یقینی ہوگی، جن میں پولیس کلیئرنس، کیریکٹر سرٹیفیکیٹ، فارن رجسٹریشن، ملازمین اور ڈومیسائل ویریفکیشن ، گمشدگی اور چوری کی رپورٹ ، کرایہ داروں کا معلوماتی فارم، ٹریفک انفارمیشن اور ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تھانوں کا کلچر کو ایسا بنائیں گے کہ وہاں پر عوام کو مکمل تحفظ کا احساس ہو، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کا کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس کی تمام ضروریات جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لرنر، پولیس ویلفیئر میں ایڈمشن، ٹینڈر انفارمیشن، پولیس میں بھرتی، وکٹم سپورٹ اورلیگل ایڈوائس جیسی اہم سہولیات بھی سہولت مرکز میں دستیاب ہوں گی، پولیس سہولت مرکز مختلف خدمات اور سہولیات کی فراہمی کا ایک اینٹگریٹڈ اور آن لائن نظام ہے۔
اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو پولیس سہولت مرکز میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے بارے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہری گھر بیٹھے یہ سہولیات اور خدمات آن لائن حاصل کرسکتے ہیں، یہ پولیس سہولت مرکز صوبے میں تیسرا مرکز ہے، اس سے پہلے نوشہرہ اور چارسدہ میں مراکز قائم کئے گئے ہیں، اگلے مرحلے میں ان مراکز کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔