چین کے وزیر اعظم لی کیانگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت‘ خود مختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے جو باہمی احترام‘ مشترکہ ترقی کے زریں اصولوں پر قائم ہے۔ یہ اس باہمی احترام اور اصولوں پر مبنی پرخلوص تعلقات کا ہی نتیجہ ہے کہ چین ون روڈ انیشیٹو کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بنیادی انفراسٹرکچر کے بعد دوسرے مرحلے میں چین پاکستان کے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے مشترکہ منصوبے بھی زیر تکمیل ہیں ۔اس طرح چین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پاکستان کی مدد و حمایت کی ہے۔ چین اور روس افغانستان سے پاکستان پر حملوں اور افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کے لئے پاکستان ،افغانستان اور ایران کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور افغان حکومت پر دہشت گردوں کے سدباب کے لئے عملی اقدامات کے لئے دبائو بھی بڑھا رہے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ دہشت گرد پاکستان میں چینی کارکنوں پر حملے کر رہے ہیں۔ ان حالات میں جہاں یہ ضروری ہے کہ پاکستان چین کے ماہرین کی سکیورٹی یقینی بنائے وہاں چین اور پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف مل کر اقدامات کرنے کے ساتھ ایران اور افغانستان سے بھی تعاون تلاش کرنا ہو گا تاکہ پاکستان سے دہشت گردوں کا صفایا ہو اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔