ممتاز شاعر اور انسانی حقوق کے رہنما حارث خلیق کو ان کی سہ لسانی شاعری (اردو، انگریزی اور پنجابی) نیز اعلیٰ تمدنی خدمات کے اعتراف میں 9 واں خواجہ احمد عباس بین الاقوامی ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔ ایوارڈ پیش کرنے کی تقریب کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں خواجہ احمد عباس کے اہل خانہ کے علاوہ ممتاز دانشور عارف حسن، ڈاکٹر شہلا نقوی اور ڈاکٹر خورشید حسنین اور مجاہد بریلوی کے علاوہ دیگر اہل دانش نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے حارث خلیق کی ادبی اور تہذیبی خدامت کو سراہنے کے علاوہ خواجہ احمد عباس کو بھی بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جو بیسویں صدی میں صف اول کے اردو افسانہ نگار نیز ہندوستانی فلمی صنعت میں بطور فلم ساز اور سکرین پلے رائٹر ممتاز مقام کے حامل تھے۔ خواجہ احمد عباس نے صحافت میں بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔
نویں خواجہ احمد عباس بین الاقوامی ایوارڈ سے سرفراز ہونے والے شاعر اور ادیب حارث خلیق 20 اکتوبر 1966 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان کشمیر سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کے والد خلیق ابراہیم خلیق کا تعلق ادب اور فنون لطیفہ سے تھا۔ انہوں نے قیام پاکستان سے پہلے اور بعد متعدد قابل ذکر دستاویزی فلمیں بنائیں۔ حارث خلیق کی والدہ بھی معروف افسانہ نگار ہیں۔ حارث خلیق کے والد اور والدہ، دونوں کی خود نوشت سوانح حیات علمی حلقوں میں پذیرائی پا چکی ہیں۔ انہیں ڈاکٹر اختر حسین رائے پوری اور محترمہ حمیدہ رائے پوری کے بعد خود نوشت سوانح کی روایت کو آگے بڑھانے والے جوڑے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
حارث خلیق نے سیاسی تحریروں سے اپنے قلمی سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کم عمری ہی میں معاشرے کی طبقاتی ساخت نیز کسانوں، خواتین اور اقلیتوں کے مسائل پر قلم اٹھایا۔ حارث اردو اور انگریزی زبانوں کے علاوہ پنجابی زبان میں بھی شاعری کرتے ہیں۔ ان کا انگریزی کلام جارجیا یونیورسٹی نے طبع کیا تھا۔ اب تک ان کے چار اردو شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ وہ انگریزی اخبارات میں سیاسی اور معاشرتی موضوعات پر باقاعدگی سے کالم لکھتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ کے موضوع پر ان کی کتاب The Crimson Papers کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ حارث خلیق مختلف بین الاقوامی ترقیاتی اداروں سے وابستہ رہے ہیں اور ان دنوں انسانی حقوق کمیشن برائے پاکستان کے سیکریٹری جنرل کے منصب پر فائز ہیں۔
حارث خلیق سے پہلے خواجہ احمد عباس بین الاقوامی ایوارڈ پانے والوں کی فہرست میں ڈاکٹر مبارک علی، سرمد صہبائی، ڈاکٹر ارتضیٰ کریم اور فہمیدہ ریاض جیسے نام شامل ہیں۔
