گجرات(نصراللہ مجید)ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی زیر صدارت صاف گجرات کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، سی او میونسپل کارپوریشن خالق داد گاڑا، ڈاکٹر اعجاز بشیر، رضوان دلداد، سابق صدر پریس کلب بشارت لودھی، سینئر صحافی راجہ ریاض راسخ اور صدر انجمن تاجران جاوید بٹ، عبداللہ ساہی نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ صاف گجرات کمیٹی میں نئے ممبران کو شامل کیا جائے گا، اور سمال چیمبر آف کامرس کے تعاون سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تاجر حضرات پر زور دیا کہ اپنی دکانوں کے باہر ایک جیسے ڈسٹ بن رکھیں تاکہ صفائی برقرار رہے، جبکہ سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی کا عمل بھی بہتر انداز میں انجام دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید کہا کہ سرکلر روڈ کے تاجران کو بھی ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کی خوبصورتی میں بہتری کے لیے تعاون کرنا چاہیے، اور شہر کی تاجر برادری کے ساتھ مل کر ایک جامع پلان تیار کیا جائے گا۔ میونسپل کارپوریشن بازاروں، سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی کے شیڈول کو عوامی سطح پر جاری کرے گی اور باقاعدہ صفائی کروائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صاف گجرات کمیٹی کے فورم سے شہر کے مرکزی چوراہوں میں مانومنٹ نصب کیے گئے ہیں اور شہر کی خوبصورتی کے لیے مقامی کمیونٹی کے ساتھ مل کر مزید اقدامات کیے جائیں گے