احمد پور شرقیہ( نامہ نگار )حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق گورنمنٹ صادق عباس گرائجوئٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب کینٹ احمد پور شرقیہ میں سٹاف کی کمی کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔ مکمل سٹاف کے ساتھ بی ایس کی کلاسز کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ صادق عباس گرائجوئٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب کے پرنسپل پروفیسر محمد شاہد سراج انصاری نے اج اپنے دفتر میں رجسٹرڈ سماجی ادارہ گریٹ پاکستان لورز ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ احمد پور شرقیہ کے عہدے داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شعبہ سرائیکی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف خان ڈاہر اور کالج کونسل کے رکن شیخ عزیز الرحمن بھی موجود تھے۔ پرنسپل کالج ہذا نے بتایا کہ کالج کی تین بسوں کو فنکشنل کر دیا گیا ہے۔ طلبہ و طالبات کی مشترکہ تعلیم کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومتی ہدایت کے مطابق بہترین تعلیمی ماحول اور پرامن تعلیمی نظام کے تحت سٹوڈنٹس کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تعلیم دی جا رہی ہے۔ تحصیل بھر کے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین اس سلسلے میں کالج کا وزٹ کر سکتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں 470 سے زائد نئے داخلے 710 کے قریب ہوئے ہیں۔ جو والدین کا کالج انتظامیہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ اس موقع پر سماجی ادارہ جات کے رہنماؤں محمد سلیم اغا، محمد مزمل حسین نے کالج کا وزٹ کیا اور مختلف شعبہ جات کو دیکھا اور کالج کی انتظامیہ کے بھرپور کاوشوں کو سراہا۔پرنسپل پروفیسر شاہد سراج انصاری نے بتایا کہ اس کالج کے تعلیم یافتہ سینکڑوں طلبہ پاکستان میں مختلف شعبہ ہے زندگی میں اعلی پوسٹوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ موجودہ طلبہ بھی پاکستان کی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس سلسلے میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت بھی کی جاتی ہے انہوں نے بتایا کہ کالج میں بہترین لائبریری کمپیوٹر لیبز کے علاوہ ملٹی ہال کی تعمیر بھی مکمل کرا دی گئی ہے تاکہ طلبہ اور طالبات بھرپور طریقے سے تعلیمی سسٹم سے استفادہ حاصل کر سکیں-