وزیر داخلہ نے خوشخبری سنادی،پاسپورٹ کے اجرا میں اب تاخیر ختم، بر وقت ملے گا

اسلام آباد (  اے بی این نیوز   )وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا خاتمہ ہوگیا، پاسپورٹ اور نادرا دفاتر میں بہتری کے بعد شہریوں کو وقت پر پاسپورٹ ملیں گے۔

اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس میں بے پناہ بہتری آئی ہے جس سے یقینی طور پر شہریوں کا ادارے پر اعتماد بحال ہوگا۔

محسن نقوی کے مطابق پاکستان بھر میں پاسپورٹ کا بیک لاگ مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے، اب شہریوں کو مقررہ مدت میں پاسپورٹ ملیں گے، اس سے قبل پاسپورٹ کا 6 ماہ کا بیک لاگ تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ سے متعلق مسائل کا حل پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام میں مضمر ہے۔ اگر ان کے اختیار میں ہوتا تو وہ اس اتھارٹی کا اعلان کر دیتے لیکن کئی محکموں کی ملی بھگت سے ایسا ممکن نہیں ہو رہا۔

تاہم وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ وہ اس ادارے کو اتھارٹی میں تبدیل کر دیں گے۔ ان کے مطابق اختیارات کے بغیر لوگوں کو دو سال سے تنخواہیں نہیں مل رہیں۔ ان کا موقف تھا کہ سرخ فیتہ کا خاتمہ اتھارٹی کے قیام سے ہی ممکن ہو گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں ملک کے 14 سے 16 شہروں میں پاسپورٹ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے، جو 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، جہاں شہریوں کو کسی بھی وقت پاسپورٹ حاصل کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔

مزید پڑھیں: فیکٹ چیک: پاکستانیوں کی بڑی تعداد پاسپورٹ دفاتر کے باہر کیوں جمع ہے؟

محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد پاسپورٹ آفس میں فوری طور پر 24 گھنٹے سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔ لاہور سمیت دیگر شہروں میں ماڈل آفس قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ کراچی میں ماڈل آفس کے قیام کے لیے موقع پر بات چیت جاری ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے پاسپورٹ دفاتر کے باہر مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔ اس کارروائی کو جاری رکھنا ہو گا تاکہ اس مافیا کا خاتمہ ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *