اسلام آباد(نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے یکم جنوری سے 6 جنوری تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم شمال مغربی بلوچستان، بالا ئی خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کی تو قع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ شام یا رات کے اوقات میں بارش کا امکان ہے ، بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں آج رات بلوچستان میں داخل ہونگی، جس کے باعث صوبے کے 18اضلاع میں دو سے چار جنوری تک بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں آج رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 6 جنوری تک ملک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔
ان ہواؤں کی وجہ سے یکم جنوری سے 4 جنوری کے دوران بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔